پیانگ یانگ ‘ واشنگٹن (اے پی پی) شمالی کوریا نے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ نے اسے دنیا کیلئے خطرہ قرار دیدیا ہے اور اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا مذاکرات کا راستہ اختیار کرے جبکہ پیان یانگ نے کہا ہے کہ اسے اپنے دفاع میں تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل تجربہ منگل کو کیا گیا جس نے کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تجربے کے بعد اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر کم سونگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ کوئی بھی شمالی کوریا کے دفاع کے حق سے انکار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ اگر وہ جزیرہ نما کوریا پر امن چاہتا ہے تو اسے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے شمالی کوریا کے حوالے سے دشمنی پر مبنی اپنی پالیسی ختم کرنی چاہئے۔ اپنے ملک کے امن اور سلامتی کے تحفظ کیلئے قومی دفاع کی صلاحیتوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور جاپانی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ شمالی کوریا نے منگل کو اپنے علاقے سے ایک میزائل فائر کیا جو مشرقی ساحل کی طرف اس کی اپنی سمندری حدود میں گرا اور بظاہر یہ بیلسٹک میزائل کا تجربہ تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے نے محکمہ خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ تجربات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور کوریا کے پڑوسیوں اور عالمی برادری کیلئے خطرہ ہیں۔
شمالی کوریا کا مزائل تجربہ پھر دنیا کیلئے خطرہ:امریکہ ،حق حاصل ہے:پیانگ یانگ
Sep 29, 2021