لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معروف صنعتکار ایوان صنعت وتجارت ملتان کے سابق صدر اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ، لنگر خانوں کا قیام اور دیگر فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملتان میں نوجوانوں کے لئے قرض حسنہ سکیم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں نوجوانوں کو قرض حسنہ فراہم کرے گی۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں عوامی مقامات پر مزید لنگر خانے قائم کئے جائیں گے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ کو سولر پاور واٹر فلٹریشن پلانٹس پراجیکٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور سمال انڈسٹریز کارپوریشن میں پلاٹ کی الاٹمنٹ شروع کرنے پر عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے صنعتکاروں کو کاروبار کے لئے مراعات اور مواقع فراہم کریں گے۔ مظفر گڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا۔ مظفر گڑھ میں سپیشل اکنامک زون بننے سے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کے تحت 11فلٹریشن پلانٹ کی بحالی پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے خواجہ جلال الدین رومی کی سماجی خدمات کو سراہا۔ خواجہ جلال الدین روم نے کہا کہ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں عرصہ دراز سے بند 11فلٹریشن پلانٹس کے انتظامات بھی کرے گی۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے ہسپتالوں میں مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس جس میں جیل اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جیلوں میں ہفتہ رحمت للعالمین منانے کے فیصلے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ ہفتہ رحمت للعالمین کے موقع پر قیدیوں اور جیل حکام کیلئے پریزن پیکیج کا اعلان کریں گے۔ جیلوں میں خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے مرحلہ وار بھرتی کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے کینٹین پر معیاری اشیاء مقررہ نرخ پر فراہم کرنے کے لئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں قیدیوں کو تکیہ، کمبل وغیر ہ گھر سے لانے کی اجازت دینے کی تجویز پر اصولی ا تفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر قیدیوں کی بیرکوں میں ڈش انٹینا/ کیبل کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ قیدیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاجائے، ان کے استحصال کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ جیلوں میں کام کرنے والے قیدیوں کو مناسب معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جیل کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پراجیکٹ پر کام کیا جائے۔سردار عثمان بزدار نے ورلڈ ہارٹ ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سنت نبویؐ کے مطابق سادہ غذا اور سادہ زندگی گزارنے سے امراض قلب سے بچاؤ ممکن ہے۔ امراض دل سے بچاؤ کیلئے صحت مند طرز زندگی ہی بہترین حل ہے۔