کراچی چیمبر کا نیپرا کی عوامی سماعتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

Sep 29, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے 29اور30 ستمبر 2021 کو ہونے والی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی عوامی سماعتوںکے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ریگولیٹر کے سی سی آئی اورمداخلت کرنے والوں کی اکثریت کو عوامی سماعت کے دوران رائے دینے اور تجاویز دینے کا مناسب موقع فراہم نہیں کرتا۔صدر کے سی سی آئی محمد ادریس نے 2 ستمبر 2021 کو منعقد ہونے والی آخری عوامی سماعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے بہت متکبرانہ طور پر غیر مہذبانہ طرزعمل اختیارکیا اور غیر کاروباری رویہ کے ساتھ کارروائی کو انجام دیا جس پر شرکاء نے سماعت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ عوامی سماعت کے دوران شرکاء کی جانب سے پیش کیے گئے انتہائی درست نکات کو سننے کے لیے چیئرمین نیپرا کی جانب سے بالکل بھی برداشت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا جب عوامی سماعت میں شریک کراچی میں توانائی امور ماہر سمجھنے والے ایک ماہر کی جانب سے بعض اہم تکنیکی نکات پیش کیے گئے۔انہیں اس حد تک روک دیا گیا کہ چیئرمین نیپرا کے حکم پر زوم کنکشن بند کردیا گیا۔

مزیدخبریں