کراچی ( کامرس رپورٹر )حکومتی مالیاتی اداروں کی نئی سرمایہ کاری کی بدولت پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ پر چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے اور منگل کو تیزی کا رجحان غالب آگیا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس میں400پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں55ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ،کاروباری تیزی سے 73.38فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔گذشتہ ہفتے مسلسل مندی کے اثرات نئے کاروباری ہفتہ کے پہلے دن بھی برقرار رہے تھے تاہم پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 457.17پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 44817.76پوائنٹس سے بڑھ کر45274.93پوائنٹس ہو گیا اسی طرح195.07پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 17642.17پوائنٹس سے بڑھ کر17837.24پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30544.31پوائنٹس سے بڑھ کر30762.00پوائنٹس پر بند ہوا ۔کارباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں55 ارب38کروڑ14لاکھ3ہزار915روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 77کھرب72ارب85کروڑ52لاکھ19ہزار139روپے سے بڑھ کر78کھرب28ارب23کروڑ66 لاکھ23ہزار54روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو14ارب روپے مالیت کے36کروڑ48لاکھ60ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو11ارب روپے مالیت کے30کروڑ13لاکھ92ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو556کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے408کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،127میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹیلی کارڈ لمیٹڈ3کروڑ58لاکھ ،بائیکو پیٹرولیم 3کروڑ36لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ231لاکھ ،نشاط چونیاں 1کروڑ70لاکھ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ1کروڑ57لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔