کراچی ( رپورٹ : منیر احمد بھٹی ) نیشنل بینک آف پاکستان نے تیسرا سی این ایس آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ جیت کر کامیابیوں کی ہیٹرک مکمل کر لی ۔ فاتح ٹیم نے مد مقابل واپڈا کی ٹیم کو دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد2-1گول سے شکست دے کر ٹائٹل نام کیا۔جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے نیوی نے ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کو 2-1گول سے زیر کیا۔ تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے ۔سی این ایس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قومی کھیل میں عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا اور ملک میں ہاکی کے کھیل کی تجدید ہوسکے گی۔امیرالبحر نے امید ظاہر کی کہ قومی اور نجی ادارے بھی قومی کھیل کے فروغ میں بھر پور کردار ادا کریںگے۔اپنے اختتامی کلمات میں مہمان خصوصی نے فاتح ٹیموں کو مبارک باد پیش کی اور پیٹرن پاکستان نیوی ہاکی، کمانڈر کراچی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوںنے ملک میں کھیلوں کے فروغ بالخصوص تیسرے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کی تشہیر کیلئے میڈیا کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں سی این ایس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے انعامات تقسیم کئے۔نیشنل بینک آف پاکستان کو چیمپئن شپ جیتنے پر 17 لاکھ روپے کا نقد انعام ملا۔ واپڈا اورپاک بحریہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے 1.3 ملین اور 1 ملین روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔نیشنل بینک آف پاکستان ٹیم کے دلبرنے مین آف دی ٹورنامنٹ کا ااعزاز حاصل کیا۔پاک بحریہ کی ٹیم کے محمد اقبال اورنیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیم کے دلبر کو بہترین گول کیپر اور ٹورنامنٹ کا بہترین اسکورر قرار دیا گیا۔قبل ازیں ٹورنامنٹ کا فائنل واپڈا اور نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، سخت مقابلے کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا جبکہ واپڈا کی دوسری پوزیشن رہی ۔ اس دوران بادل چھائے رہے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار رہا۔ایونٹ میں 8 ٹاپ قومی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کاٹائٹل حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کیا جن میں واپڈا ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ ،نیشنل بینک ، نیوی ، ائیر فورس ، آرمی ، پنجاب اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ 21 تا 28 ستمبر 2021 تک منعقد ہونے والاسات روزہ ایونٹ 2016 کے بعد سے قومی سطح پر4.2 ملین کی انعامی رقم کے ساتھ بڑاٹورنامنٹ بن چکا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 12 پول میچز کے بعد 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے پروفیشنل امپائرز کی زیر نگرانی کروائے گئے۔