ملتان (سپیشل رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے بیرون ملک اومان اور جرمنی میں ملازمت کا ویزہ فراہم کرنے کے عوض شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے نوکری کا جھانسہ دیکر شہری سے لاکھوں روپے بٹورنے والے گرفتار سرکاری ملازم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
٭احتساب عدالت نمبر ایک ملتان نے آمدن سے زائد کروڑوں روپے کے اثاثے بنانے کے مقدمہ میں گرفتار میپکو کے ٹیسٹ انسپکٹر اور انکی بیوی کے خلاف کیس میں بحث نہ ہونے کے باعث سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭احتساب عدالت نمبر ایک ملتان نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مقدمہ میں ملوث سابق فوڈ انسپکٹر اور انکی فیملی کے خلاف کیس کی سماعت مزید کاروائی کے لیے 12 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے کمسن بچوں کی بازیابی سے متعلق حبس بے جا کی دو مختلف درخواستوں پر ایس ایچ او تھانہ چہلیک اور دولت گیٹ کو آج 29 ستمبر کو بچے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔۔
٭جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے سوشل میڈیا پر فارکس ٹریڈنگ کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے والے 4 ملزمان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
٭جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے غیر قانونی طور پر ایک ہزار سمز ، ایک ہزار جعلی سیلیکون انگھوٹے اور دیگر ڈیوائسز برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
٭لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے عدالت کے حکم کے باوجود لیڈی ڈاکٹر کو ریگولرائز نہ کرنے اور الٹا اسکی تنخواہ روک دینے کے خلاف توہین عدالت کی رٹ درخواست پر صوبائی سیکرٹری ہیلتھ کا جواب جمع ہونے کے بعد سماعت ملتوی کردی ہے۔
٭لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے کنٹریکٹرز کو 10 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود 44 لاکھ روپے کی رقم ادا نہ کرنے سے متعلق درخواست پر انتظامیہ اور اکاؤنٹس آفس کے افسران کو ریکارڈ سمیت آج دو بجے دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
٭لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں تعینات ججز صاحبان کے اعزاز میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 11 بجے بار ہال میں تقریب منعقد ہوگی۔