لاہور(اسپورٹس رپورٹر ) سابق کپتان انضمام الحق اینجیوپلاسٹی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیئے گئے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں 10روزمکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔انضمام الحق کوگزشتہ رات دل کی تکلیف محسوس ہونے پر لاہور کے مقامی اسپتال میں لے جایا گیا تھا ، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے کئے گئے ٹیسٹ کے بعد کے ان کی اینجیو پلاسٹی کی گئی اور دل کی شریان میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا۔انضمام الحق پہلے سے کافی بہترمحسوس کررہے ہیں۔ طبیعت میں بہتری پر انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، ڈاکٹروں نے انہیں دس روز گھر پر مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم دل کے عارضے میں مبتلا ساتھی کرکٹر انضمام الحق کے لیے فکر مند ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پروسیم اکرم لکھتے ہیں کہ پیارے انضی، تہمارا دل، اتنا پیارا دل، اس کو لگتا ہے نظرلگ گئی ہے، بہت فکرہوئی کہ اتنے پیارے دل والے کو تکلیف ہوئی۔وسیم اکرم نے کہا کہ دعا ہے کہ تم ٹھیک ہوکرجلد اپنے پیارے دل سے ہم سب کواسی طرح خوش کروگے جیسا تم ہمیشہ کرتے ہو، پیارے دوست اپنا خوب خیال رکھو، جلد ملتے ہیں۔انضمام الحق کی انجیوپلاسٹی پر بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ انضمام الحق کی صحتیابی کے لیے بہت سی دعائیں، انضمام الحق ہمیشہ سے گرانڈ میں ایک فائٹر رہے ہیں۔بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ مجھے امید ہے کہ انضمام الحق جلد ہی اس صورتحال سے نکل آئیں گے، گیٹ ویل سون انضمام۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس کا انضمام الحق کی انجیو پلاسٹی پر ان کیلئے ایک حوصلہ افزا پیغام شیئر کیا ہے۔وقار یونس نے ٹوئٹر پر انضمام الحق کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بندہ شیر دل ہے۔انہوں نے لکھا کہ یہ چھوٹے موٹے ہارٹ اٹیک میرے پرانے دوست کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔وقار یونس نے اپنے پیغام میں ان کی جلد صحتیابی کے حوالے سے لکھا کہ دعا ہے کہ تم جلد صحتیاب ہوجائو۔سابق کوچ نے کہا کہ ہم سب آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔