گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) برطانوی عدالت سے شہباز شریف کی بریت مخالفین کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے' کرپشن اور منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگانے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں وہ چلو بھر پانی میںڈوب مریں۔ ان خیالات کا اظہار رہنما مسلم لیگ (ن) شیخ فیاض احمد اورصدر پی پی 62 شیخ شاہد فیاض نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل اور سلیکٹڈ ٹولے نے میاں برادران کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ شروع کررکھا تھا لیکن برطانوی عدالت کے فیصلے سے ان کے سارے پراپیگنڈے پر پانی پھر کررہ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ حق سچ کی فتح ہے اور اللہ تعالی نے میاں شہباز شریف کو ایک بار پھر سرخرو کیا ہے۔شیخ فیاض نے کہا کہ ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجودپاکستان کے عوام حکومتی پراپیگنڈے کا شکار نہیں ہوئے اور وہ میاں برادران سے دلی محبت رکھتے ہیں' پاکستان کا ہر ذی شعور شہری جانتا ہے کہ میاں برادران کو صرف اور صرف انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات اب بدل رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف دوبارہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر ملک و قوم کو ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کریں گے۔