حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے صدارت عامہ برائے حرمین عبادت اور عمرہ مناسک کے لیے آنے والے اللہ کے مہانوں کی خدمت کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدارت عامہ برائے حرمین شریفین کا کہنا تھا کہ زمزم کے کولروں کی صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور انہیں ہر طرح کے جراثیم سے پاک کرنے کے لیے روزانہ انہیں سینی ٹائز کیا جاتا ہے۔ صفائی کا خاص اہتمام کرنے کے بعد انہیں مسجد حرام میں مخصوص مقامات پر رکھا جاتا ہے۔مسجد حرام میں زمزم کی فراہمی کے ڈائریکٹر عبدالرحمان بن محمد الزھرانی نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر مسجد حرام میں زمزم کے ایک ہزار کولر صفائی اور سینی ٹائزیشن کے بعد رکھا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام میں پانی کے کولروں کی صفائی کا عمل پانچ مراحل میں مکمل کیا جاتا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک مخصوص صابن سے کولروں کو دھویا جاتا ہےتاکہ کولروں میں موجود ہرطرح کی بو کو ختم کیا جا سکے تاکہ پانی کی اپنی قدرتی خوشبو برقرار رہے۔اس کے بعد ہاتھ سے صاف کیا جاتا ہے۔ صاف کرنے کے بعد اسے خشک کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان میں زمزم ڈالا جاتا ہے اور پانچواں مرحلہ ان کی تقسیم کا ہوتا ہے۔ تقسیم کے لیے انہیں ٹرالیوں پر ڈال کر مسجد حرام کے صحنوں، گیلریوں اور بیرونی مقامات پر منتقل کیا جاتا ہے۔الزھرانی کا کہنا تھا کہ کولروں کو دھونے کے لیے استعمال ہونے والے مواد میں بو سے پاک صابن استعمال کیا جاتا ہے۔ صفائی کے لیے استعمال ہونے والا صابم اور دیگر اشیا غیر معمولی معیاری ہے۔