لاہور(سپورٹس رپورٹر)7 میچز پر مشتمل سیریز کے پانچویں ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قومی ٹیم کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم 12 گیندوں پر 9 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، دوسرا نقصان 42 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا، شان مسعود 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوا، حیدر علی 4، افتخار احمد 15، آصف علی 5 اور محمد نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 7 اور عامر 10 رنز بناسکے، محمدرضوان 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ حارث رؤف 8 رنز بناسکے۔ ٹیم 19 اوورز میں145رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ مارک ووڈ نے 3 اور سام کْرن اور ڈیوڈ ولی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز 7 وکٹوں پر 139 رنز بناسکے،کپتان معین علی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔فل سالٹ تین ‘الیکس ہیلز ایک ‘ڈیوڈ میلان چھتیس ‘بین ڈکٹ دس ‘ہیری بروک چار ‘سیم کرن سترہ اور کرس ووکس دس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ حارث رئوف نے دو ‘محمد وسیم ‘شاداب خان ‘محمد نواز‘افتخار احمد اور ڈیبیو ٹینٹ عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان چھٹا میچ کل شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائیگا۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ یہ ہمارے لیے بہت خاص لمحہ کہ تمام دنیا کے نمائندئے یہاں موجود ہیں ۔ ورلڈکپ سے پہلے ٹیم کو تیاری کا اچھا موقع مل رہا ہے۔کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے دیگر ملکوں کو قریب آنے کا موقع مل رہا ہے۔وائس چیئرمین ای سی بی مارٹن گارلونے کہا کہ سترہ سال بعد پاکستان آکراچھا لگ رہا ہے،ورلڈکپ سے پہلے تیاریوں کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔کراچی میں کراؤڈ کا جوش و جذبہ دیکھنے لائق تھا ۔امریکن سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ محمد رضوان کی بیٹنگ دیکھ کر مزہ آتا ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ مل کر میزبانی کررہے ہیں۔کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے تمام ملکوں کو قریب لانے میں یو ایس بھی اپنا کردار کررہا ہے۔یو اے ای سفیر حماد عبید الزابی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کی کرکٹ میں لمبی تاریخ ہے۔پاکستان نے اپنی زیادہ تر کرکٹ یو اے ای میں ہی کھیلی ہے۔ہم یقین کرتے ہیں کہ سپورٹس ڈپلومیسی بہت اہم ہوتی ہے۔یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ کا بہت اہم کردار ہے ۔برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنرنے کہا کہ امید کرتا ہوں انگلینڈ آج انیسویں اوور میں پہلے جیسے نہیں کرے گا۔کراؤڈ کا تجربہ بہت شاندار رہا ہے پاکستانی شائقین کا جذبہ دیکھنے لائق ہوتا ہیدونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار ہے۔اس لمحے کا بے صبری سے انتظار کیا تھا ۔دونوں ملکوں کی عوام کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا پسند کرتی ہے