اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خبر نگار خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال‘ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ ملاقات میں آڈیو لیکس کے معاملہ پر بھی بات ہوئی، صدر مملکت پہلے ہی ان لیکس پر تشویش طاہر کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کو جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتوں کے متعلق آگاہ کیا۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے بھی وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے فوری بعد ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی جو 20 منٹ تک جاری رہی۔ دونوں نے ملکی معاشی صورتحال پر اظہار تشویش کیا جبکہ سیلاب کی صورتحال میں معیشت کے مزید نقصان پر بھی گفتگو کی گئی۔اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی و رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔