امریکی سفیر کی پرویز الٰہی ، مونس سے ملاقات ، شراکت داری کے فروغ پر اتفاق 

Sep 29, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم (Mr.Donald Blome) نے ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکہ پنجاب حکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے اقدام کو سپورٹ کرے گا۔  زراعت، متبادل توانائی، بہبود آبادی اور واٹرمینجمنٹ کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کرونا کی وباء کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اور تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ ہماری حکومت تعلیم، صحت، بہبود آبادی، زراعت، متبادل توانائی اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لارہی ہے۔ اس ضمن میں امریکہ کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔ میرے سابقہ دور کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر سراہاگیا۔ اب ہم نے آتے ہی ڈگری تک تعلیم اورکتابیں فری کردی ہیں۔ واٹر مینجمنٹ کا پروگرام2002میں شروع کیا لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔ اب ہم نے کوہ سلیمان کے پانی کو چینلائزڈ کرنے پر دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔ کوہ سلیمان میں چھوٹے ڈیمز بھی بنائیں گے۔  امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ علاوہ  ازیں پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں مونس الٰہی اور ہائر ایجوکیشن کمشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمان نے خصوصی شرکت کی اور پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ اور بہتری کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ پرویز الٰہی نے ہائرایجوکیشن کے معیار کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ہائی ٹیکنالوجی ایجوکیشن کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یونیورسٹیز میں انڈسٹریل پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کے لئے سپیشلائزڈ ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کی انڈسٹریل ضروریات کے پیش نظر علاقے میں 100 ایکڑ پر سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئر نگ یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا پہلا وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کے نئے افق کو چھوئے گا۔

مزیدخبریں