کراچی (نیوز رپورٹر) سیلاب متاثرین کے آنگن میں بھی خوشیوں کے پھول کھلنے لگے، سندھ کے فلڈ ریلیف کیمپوں میں 19بچوں کی پیدائش کے بعد سیلاب متاثرین کے ہاں جنم لینے والے بچوں کی تعداد 3 ہزار 730ہو گئی۔ سندھ محکمہ صحت کی جانب سے وفاقی حکومت کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ کے فلڈ کیمپوں میں 9ہزار 685حاملہ خواتین موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے سندھ فلڈ کیمپس میں 7 ہزار 992 حاملہ خواتین کے طبی معائنے کیے جا چکے ہیں۔ کیمپوں میں موجود 8 ہزار 884 حاملہ خواتین کو ڈائٹری سپلیمنٹ فراہم کیا گیا جبکہ 8 ہزار 74 حاملہ خواتین کو ڈپتھیریا اور ٹیٹنس سمیت دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔
سیلاب متاثرین کے آنگن میں خوشیاں ، مزید 19 بچوں کو پیدائش
Sep 29, 2022