لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے پچاس سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب منعقد کی جس میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یو اے ای پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پچاس سال کے اس شاندار سفر کا سہرا شیخ زید بن سلطان النہیان کو جاتا ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر ہونے کے ناطے اتنے گہرے تعلقات کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے یو اے ای ٹریڈ فیسلٹیشن سنٹر بھی قائم کیا ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، پاکستان اور یو اے ای اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہیں۔ پاکستان کے لیے درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات بالترتیب دوسرے اور چھٹے نمبر پر ہے، تجارت کا توازن یو اے ای کے حق میں ہے ، پاکستان یو اے ای کو برآمدات بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنیات، کان کنی، پٹرولیم، فارماسیوٹیکل، قابل تجدید توانائی، پراسیسڈ فوڈ، فنانشل سروسز اور ریٹیل سیکٹر میں یو اے ای کے سرمایہ کاروں کے لیے وسی عمواقع ہیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے یو اے ای کے تعاون کو بھی سراہا۔