فریٹ چارجز پرمتعلقہ وزارتوںسے موثر رابطہ کیا جائیگا‘ عثمان اشرف

Sep 29, 2022

لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے نو منتخب سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ نئی مارکیٹوںکی تلاش اور ان تک رسائی ، افغانستان کے راستے جزوی تیار خام مال کی آمد میں مشکلات اور برآمدات کیلئے فریٹ چارجز پر سبسڈی سمیت دیگر مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کیلئے متعلقہ وزارتوںسے موثر رابطہ کیا جائے گا ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بحالی کیلئے ماضی میں پنجاب حکومت نے مالی معاونت کا وعدہ کیا تھا اس پر بھی پیشرفت کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس عام میں مرکزی عہدیداروں ،سائوتھ سرکل اور ناردن سرکل کے ایگزیکٹو ممبران کے ناموں کے اعلان کے بعد عہدہ سنبھالنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں الیکشن کمشنر کی جانب سے نو منتخب عہدیداروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔ سائوتھ سرکل کے ممبران بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سابق چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر ،سعید خان،ریاض احمد ، ملک محمد اکبر، اعجاز الرحمان ،کامران رضی ، فیصل سعید خان ،عظیم بٹ ،خالد رشید سمیت دیگرشریک ہوئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ساتھیوںکے بھرپور اعتماد پر ان کا شکر گزارہوں۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت جن مشکلات سے دوچار ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اورہم دن رات کاوشیں کر کے اس صنعت کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور اس کے عروج کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ عہدیداروںنے اپنے طور پر بہترین کاوشیں کی ہیں اور مسائل کے حل کیلئے حکومتی ذمہ داران سے بھی ملاقاتیں کی گئیں ،انشا اللہ ہم اپنی صنعت کی ترقی اورہنر مندوں کی خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

مزیدخبریں