فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سالانہ الیکشن میں چوہدری اعجاز احمد ناگرہ بلا مقابلہ سینٹرل چیئرمین،عمر فاروق کاہلوں سینئر وائس چیئر مین،رانا محمد علیم زونل وائس چیئر مین سائوتھ زون اور مسز سمیرا خالد زونل وائس چیئر مین نارتھ زون منتخب ہوگئیں۔اس کا با ضابطہ اعلان چیئر مین الیکشن کمیشن چوہدری مشتاق احمد کی طرف سے سالانہ اجلاس میں کیاگیا۔ نومنتخب سینٹرل چیئرمین چوہدری اعجاز احمد ناگرہ نے ایگزیکٹو ممبران سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاور لومز سیکٹر کی ترقی کیلئے بھر پور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاور لومز سیکٹر اس وقت کاٹن یارن کی قلت اور اسکی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہمسایہ ملک سے کاٹن یارن امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے تمام سٹیک ہولڈ رسے مشاورت کر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے۔انتخابات کے فوراً بعد سبکدوش ہونے والے سینٹرل چیئرمین رانا خرم اخلاق منج نے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد پیش کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ ایسو سی ایشن کو مزید فعال بنانے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔سیکر ٹری جنرل ملک طاہر مجید،سابق وائس چیئر مین رانا اظہر وقار، چوہدری محمد نواز،ملک محمد یوسف، رانا اشتیاق احمد، خالد عزیز مخی، محمد شاہد، چوہدری احسان الحق، راعامر رضا،چوہدری اکرم واہلہ،خادم حسین مان،سعید بھٹی اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اعجاز احمد ناگرہ آل پاکستان کاٹن پاور لومز کے مرکزی چیئرمین منتخب
Sep 29, 2022