لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان جونیئر لیگ میں شامل کھلاڑی غیرملکی کھلاڑیوں کیساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ راولپنڈی ریڈرز اور حیدرآباد ہنٹرز کے کپتان ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی اور نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر کولن منرو کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم راولپنڈی ریڈرز کے کپتان حبیب اللہ نے کہا کہ لیگ کے اعلان کا سننا ہی سب سے بڑی خوشی تھی ڈرافت والے دن کو کبھی نہیں بھلا سکتا۔ اس سطح پر پہلی مرتبہ لیگ ہو رہی ہے اس لیے پی جے ایل میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کولن منرو ٹیم کے مینٹور ہیں، میں ان سے بہت متاثر ہوں ، کولن منرو کا ایک الگ سا اعتماد ہے ان سے بہت کچھ سیکھوں گا۔حیدرآباد ہنٹرز کے کپتان مرزا سعد بیگ نے کہا کہ دو مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہوگا، ان سے سیکھنے کا فائدہ ہوگا۔ منتظر ہوں کہ لیگ شروع ہو اور ہم عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں اور ڈریسنگ روم شیئر کریں۔