لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر نسیم شاہ کو سینے میں انفیکشن اور تیز بخار کے سبب ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے پانچویں میچ سے باہرہوگئے ۔ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کرائے گئے ہیں اور وہ اب قدرے بہتر محسوس کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بائولر کا ڈینگی ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر تاحال ان کی طبیعت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ لاہور(سپورٹس رپورٹر)آل راؤنڈر عامر جمال کاانگلینڈ کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرلیا ۔وہ پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے 98 ویں کھلاڑی بن گئے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے، اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ وسیم اکرم آئیڈیل کھلاڑی ہیں، خوشی ہے آج پاکستان کی نمائندگی کررہا ہوں۔پاکستانی بیٹرفخر زمان نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے ، وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل برسبین میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے شروع ہوگا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ فخر زمان جو اس وقت اپنے دائیں زخمی گھٹنے کے علاج کیلئے لندن میں ہیں، 15 اکتوبر کو برسبین میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ عمر رشید لندن میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ملیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مطلع کیا کہ عمر ورلڈ کپ سے قبل لندن میں شاہین کی مناسب بائولنگ پریکٹس شروع کرنے میں مدد کریں گے۔شاہین آفریدی گھٹنے کی انجری سے واپس آ رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہالینڈ کی سیریز، ایشیا کپ 2022ء اور انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ وہ 7 سے 14 اکتوبر تک کرائسٹ چرچ میں سہ فریقی سیریز بھی نہیں کھیلیں گے ، جہاں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ دیگر شریک فریق ہوں گے۔ عمر رشید اور شاہین آفریدی فخر زمان کے ساتھ برسبین کیلئے اکٹھے سفر کریں گے۔