گڑھی خیرو (نامہ نگار) گڑھی خیرو کے قریب گوٹھ الھندو خان جمالی میں سیلاب کی وجہ سے ہر طرف تباہی پھیل گئی، گھر، فصلیں، سڑکیں سب کچھ سیلاب کا پانی بہا کر لے گیا، متاثرین کا احتجاج، حکومت سے امداد کی اپیل، رپورٹ کے مطابق گڑھی خیرو کے قریب یو سی شیر خان کے گوٹھ الھندو خان جمالی میں برساتی سیلاب کی وجہ سے ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے ، سیلاب کی بے رحم لہریں گوٹھ کے کچے اور پکے مکانات، اسکول، مسجد اور سڑکوں سمیت زندگی بھر کی جمع پونجی بھی بہا کر لے گئیں، گوٹھ الھندو خان جمالی کے رہائشیوں نے مختیار کار گڑھی خیرو حبیب الرحمٰن کھوسو ، ڈی سی جیکب آباد اور ایم پی اے ممتاز جکھرانی اور دیگر کے خلاف احتجاج کیا، اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کو چالیس دن سے زیادہ وقت گذر چکا ہے، گوٹھ میں نہ کوئی گھر سلامت بچا ہے نہ فصل بچے ہیں، سیلاب کے باعث گوٹھ کے لوگ بیروزگاری، بھوک اور وبائی امراض میں مبتلا ہوکر مر رہے ہیں ، مگر نا تو مختیار کار گڑھی خیرو، ڈی سی جیکب آباد نے علاقے میں کوئی ریلیف کا کام شروع کیا ہے اور نہ ہی یہاں سے منتخب نمائندوں ایم پی اے یا ایم این اے نے اس وقت تک کوئی مزاج پرسی کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مختیار کار گڑھی خیرو صوبائی حکومت اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے ملنے والا امدادی سامان غریب عوام تک پہنچانے کے بجائے رات کے اندھیرے میں گاڑیاں بھر کر سیاسی بنیادوں پر با اثر افراد کو گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے معاملے کا نوٹس لے کر گوٹھ الھندو خان جمالی کے رہائشیوں کو فوری طور پر ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، بصورت دیگر انہوں نے مختیار کار گڑھی خیرو اور ڈی سی جیکب آباد کی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا۔
سیلاب کی وجہ سے ہر طرف تباہی پھیل گئی، گھر، فصلیں، سڑکیں سب کچھ سیلاب کا پانی بہا کر لے گیا‘متاثرین
Sep 29, 2022