حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اس کی ناک خاک آلود ہ ہو، اس کی ناک خاک آلودہ ہو، اس کی ناک خاک آلودہ ہو، پوچھا: کس کی ؟ یارسول اللہ ! آپ نے فرمایا : جس نے اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کا بڑھاپاپایا ، اس کے باوجود جنت میں داخل نہیں ہوا۔(مسلم)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی رضا والد کی رضا میں ہے اوراللہ کی ناراضگی باپ کی ناراضگی میں ہے۔(ترمذی ، ابن حبان ، حاکم ، طبرانی)حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اپنے ماں باپ کے ساتھ نیکی کرے اس کے لیے طوبیٰ (جنت کا ایک سایا دار درخت )ہے ، اوراللہ تعالیٰ اس کی زندگی دراز کرتا ہے۔(طبرانی )
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت عالیہ میں ایک شخص حاضرہوا اورکہا: یا رسول اللہ (صلی اللہ علیک وسلم )! میںنے بہت بڑا گناہ کرلیا ہے ، کیا اس کی کوئی توبہ ہے؟ آپ نے فرمایا : کیا تمہاری ماں ہے؟ اس نے کہا : نہیں ، فرمایا : کیا تمہاری خالہ ہے؟ اس نے کہا : ہاں ! فرمایا : اس کے ساتھ نیکی کرو۔(ترمذی ، ابن حبان ، حاکم)حضرت ابو اسید مالک بن ربیعہ ساعدی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ بنو سلمہ کا ایک شخص آیا، کہنے لگا : یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! کیا میں ماں باپ کی موت کے بعد ان کے ساتھ نیکی کرسکتا ہوں؟ فرمایا : ہاں ! ان کی نماز جنازہ پڑھو، ان کے لیے مغفرت کی دعا کرو، کسی کے ساتھ ان کے کیے ہوئے وعدہ کو پورا کرو، ان کے رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کرو ، ان کے دوستوں کی عزت کرو۔ (ابودائود ، ابن ماجہ )
حضرت عمر بن مرہ جہنی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک شخص آیا اوراس نے کہا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سواکوئی معبود نہیں اوربے شک آپ اللہ کے رسول ہیں اورپانچ نمازیں پڑھتا ہوں، اپنے مال کی زکوٰۃ دیتا ہوں، رمضان کے روزے رکھتا ہوں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص اس عمل پر فوت ہوگیا ، وہ قیامت کے دن نبیوں ، صدیقوں اورشہداء کی رفاقت میں ہوگا، پھر آپ نے دونوں انگلیاں کھڑی کرکے فرمایا : بشرطیکہ اس نے ماں باپ کی نافرمانی نہ کی ہو۔(احمد، طبرانی)
دائمی مسرت
Sep 29, 2022