اسلام آباد(نا مہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک لیکس کی یلغار میں، ہر روز نیا کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے۔عیاں ہو گیا کہ ساری سیاست حقائق پر نہیں سازش کی بنیاد پر چل رہی ہے۔ تمام لیکس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔ اسلام آباد تماشا بن گیا، حکمران ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ کرپشن کیسزاور الیکشن کمیشن کے مقدمات میں مطلوب افراد جب تک کلیئر نہ ہو جائیں انھیں پبلک آفس میں کام نہیں کرنا چاہیے۔ ملک کی موجودہ معاشی، سیاسی، سماجی صورت حال کی ذمہ دار پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ہے، دونوں اطراف نے پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کی بجائے اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھایا۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں جھوٹ کی سیاست کر رہی ہیں، ان کا ایجنڈا قوم کو لڑا کر اور تقسیم کر کے اپنے اقتدار کی راہ ہموار کرنا ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکز و محور فرد ا ور معاشرے کی تعمیر اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ ہم سودی معیشت کے خلاف برسرپیکار ہیں اور عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ قرآن اور سنت کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی حقیقی تبدیلی آ سکتی ہے۔
سراج الحق
ملک لیکس کی یلغار میں، ہر روز نیا کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے: سراج الحق
Sep 29, 2022