کراچی( نیوز رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے اداکار عمر شریف کا فلیٹ خریدنے والے شہری کو جائیداد منتقلی کیس میں فریق بنا لیا۔بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں اداکارعمرشریف کی جائیداد منتقلی کے کیس کی سماعت ہوئی۔عمرشریف کی تیسری اہلیہ فلیٹ خریدنے والے سلمان احمد کوفریق بنالیا گیا۔زرین غزل کے وکیل بیرسٹر محسن شہوانی نے عدالت کو بتایا کہ عمر شریف نے فلیٹ تیسری اہلیہ زرین غزل کو گفٹ کیا تھا۔بیرسٹرمحسن شہوانی نے بتایا کہ عمرشریف کے نام پراس وقت کیس کیا گیا تھا جب ڈاکٹروں نے ان کی زندگی سے نا امیدی ظاہرکردی تھی۔عمرشریف کی جانب سے عدالت میں اس وقت موقف اختیار کیا گیا تھا کہ زرین غزل نے جعلی گفٹ ڈیڈ پر فلیٹ فروخت کیا ہے۔عدالت نے عمر شریف کی درخواست پر فلیٹ منتقلی پرعمل درآمد روک رکھا ہے۔ عدالت نے فلیٹ کی منتقلی سے متعلق جاری حکم امتناع میں توسیع کردی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی اورآئندہ سماعت پر فلیٹ خریدنے والے سلمان احمد سے جواب طلب کرلیا۔درخواست گزار محمد سلمان نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل سے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اپارٹمنٹ خریدا تاہم عمر شریف کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد جائیداد منتقلی کا عمل رک گیا۔عمرشریف کے وکیل راجہ آفتاب ایڈوکیٹ نے بتایا کہ زرین غزل نے عمر شریف کی جعلی گفٹ ڈیڈ پر فلیٹ فروخت کیا اور اپارٹمنٹ فروخت کرنے اور جعلی گفٹ ڈیڈ کو پہلے سے عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔پچھلی سماعت میں وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ عمرشریف علالت کے دوران تیسری بیوی نے دسمبر 2020 میں خوفزدہ کرکے اپارٹمنٹ اپنے نام کرلیا تھا اور اس وقت ہی یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ 11 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ زرین غزل فروخت کرنا چاہتی ہیں اور اس لیے عمر شریف کی گفٹ ڈیڈ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست بھی کی گئی۔
عمرشریف جائیداد