عمر کوٹ (نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے ماضی میں پاکستان کی سیاست میں نیوٹرل کبھی نیوٹرل نہیں رہے ہیں البتہ اس مرتبہ نیوٹرل پریشر میں ضرور ہے ۔وزیراعظم کی آڈیو لیکس نے حکومت کے پول کھول دی ہے ۔ رجیم چینج حکمرانوں نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیاہے۔اسحاق ڈار کی واپسی ڈیل کانتیجہ ہے۔ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ سندھ میں حقیقی تبدیلی کیلیے سندھ کے عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو عمرکوٹ مالکانی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے پندرہ سالہ دور اقتدار میں سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیاہے ۔حکمرانوں کی نااہلی کی سزا غریب عوام بھگت رہے ہیں ۔پیپلزپارٹی سندھ میں پندرہ سال اقتدار میں ہونے کے باوجود آبی گذر گاہوں کو بحال نہیں کرسکی ہے ۔سندھ کے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث سندھ ڈوب چکاہے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فوری طور پر سیلابی پانی کو نکالا جائے۔ اس وقت سیلابی پانی کے باعث سیکڑوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہیں مگر حکمرانوں کو غریب عوام کی مشکلات کاکوئی احساس نہیں ہے۔ میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں رجیم چینج کرائی گئی ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کی آڈیو لیکس کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ آڈیو لیکس نے حکومت کے پول کھول کے رکھ دی ہے ان کے آپس کے جھگڑے ہیں ۔میری ذاتی رائے میں تو خود حکومت نے یہ آڈیو لیک کرائی ہے ۔آڈیو لیکس گلے بھی پڑھ سکتی ہے ۔ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے ایک مقبول لیڈر ہیں۔ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں ۔ اسحاق ڈار کے حوالے سے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ کہ جس پر مختلف کیسز ہے وہ اب پاکستان کی معشیت کو ٹھیک کرے گا ۔ایک وزیراعظم اسحاق ڈار کو ملک سے باہر لیجاتا ہے تو دوسرا وزیراعظم اسحاق ڈار کو پاکستان لے کر آتاہے ۔انہوںنے کہا کہ ( ن) لیگ میں بھی دو گروپ بن چکے ہیں اور جلد ن لیگ سے ش نکلے گی۔
ارباب غلام حسین