نئے جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت بڑھے گی:جنرل ندیم رضا

راولپنڈی:  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہیں سمجھا جائے۔ جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ بحری بیڑے میں نئے جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اے ٹی آر 77 طیارے کی شمولیت اور اے ٹی آر 79 کو رول آؤٹ کرنے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں طیارے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔خطاب کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ جہازوں کی شمولیت سے بحریہ کے بیڑے میں آپریشنل صلاحیت بڑھے گی جبکہ بحرِ ہند میں ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بحریہ کی مضبوطی ضروری ہے۔ پاکستان کیلئے مضبوط میری ٹائم دفاعی اہمیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کہا کہ پاک بحریہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کسی بھی مذموم کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نئے شامل کیے گئے اور اپ گریڈ کیے گئے ہوائی جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہیں جو پی این فلیٹ کو آپریشنل لچک فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاک بحریہ کے بیڑے میں ایک اور جدید ہتھیاروں سے لیس کثیر المقاصد 054 ایلفا فریگیٹ شامل ہوگئی.پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں فریگیٹ کی شمولیت کی تقریب میں امیر البحر محمد امجد خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاک بحریہ کے لیے چار 054 ایلفا فریگیٹس کی تعمیر کا معاہدہ پاکستان اور چین کے مابین جون 2018 میں طے پایا۔ اس طرز کا پہلا جہاز پی این ایس طغرل رواں سال جنوری میں بحری بیڑے کا حصہ بنا جبکہ دوسرا جہاز پی این ایس تیمور 23 جون 2022 کو چین کے شہر شنگھائی میں کمیشن کیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے گزشتہ ماہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ٹائپ 054 ایلفا جہاز کثیر المقا صد اور جدید ہتھیاروں سے لیس بحری جہاز ہیں اور آئندہ کئی برسوں تک پاک بحریہ کا حصہ رہیں گے۔ اس طرح کے منصوبے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور گہرے اعتماد کا مظہر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن