اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ کمی کردی ہے .جس سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4.87روپے کی کمی کی جس کا اطلاق کے۔الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوسکے گا۔حکام کا کہنا ہےکہ بجلی کی قیمت میں 4روپے 87 پیسے کمی سے صارفین 7 ارب تک کا ریلیف حاصل کرسکیں گے۔ نیپرا اور سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے اعدادوشمار میں بڑا فرق سامنے آگیا۔فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق معاملے کی سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک لوگوں کو نئے پلانٹس کے خواب نہ دکھائے، آپ خود کچھ نہیں کرتے، دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں۔ ساری دنیا سے مانگنے کے بعد کچھ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملک بھرمیں توانائی کا بحران شدت اختیار کرگیا اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے زائد ہوگیا جبکہ ملک میں بجلی کی کل طلب کا تخمینہ 26 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کا آج سے 6 روز قبل کہنا تھا کہ مختلف ذرائع سے بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 328 میگاواٹ ہے جبکہ پانی سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔