شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) لیوانکیشمنٹ نام نہاد پنشن اصلاحات کے خلاف ضلع شیخوپورہ کے تمام دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی اور دفتر ضلع کونسل شیخوپورہ میں تمام ضلعی دفاتر بشمول محکمہ صحت، لائیو سٹاک، ہائی وے ڈویژن، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،محکمہ زراعت،ٹیوٹا، لوکل گورئمنٹ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، محکمہ اریگیشن،میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ، سوشل ویلفیئر کے ملازمین نے صوبائی صدر ایپکا پنجاب چوہدری اکرم سرویا اور ضلعی جنرل سیکرٹری صوبائی نائب صدر عبدالرشید نجمی ،صدر ایپکا محکمہ صحت غلام نبی ورک اور جنرل سیکرٹری سعید الرحمن خان کی قیادت میں پنجاب کی نگران گورنمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ لیو انکیشمنٹ کے نوٹیفیکیشن کو واپس لے اور پینشن اصلاحات کے نام پر ملازمین کا معاشی قتل بند کیا جائے 25 سال سروس اور 55 سال عمر والا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے ۔ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے اور ملازمین کی پینشن اور تنخواہوں میں %200 اضافہ کیا جائے ۔ غلام نبی ورک صدر ایپکا محکمہ صحت ضلع شیخوپورہ، سعید احمد خاں جنرل سیکرٹری ایپکا محکمہ صحت شیخوپورہ اور دیگر اراکین و عہدیدارین نے چوہدری محمد اکرم سرویا کو صوبائی صدر ایپکا سنٹرل پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔