اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے سٹیٹ بنک کی جانب سے کرپٹو کرنسی کاروبار روکنے سے متعلق سرکلر کے خلاف درخواست میں ایف آئی اے کومذکورہ کرنسی کاروبار میں ملوث افراد کی گرفتاری سے روکتے ہوئے سٹیٹ بنک، وفاق، سیکرٹری ایکسچینج کمیشن،پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیئے۔ سماعت کے دوران درخواست گزاران بابر آفتاب ملک وغیرہ کی جانب سے وکیل چوہدری علی عباس عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان نے کرپٹو کرنسی کاروبار پر پابندی کا سرکلر جاری کیا، جس سے کاروبار پر فرق پڑا ہے اور عام شہری متاثر ہورہے ہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔