لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے کمر کس لی۔ قومی ٹیم نے بھارتی شہر حیدرآباد میں ٹریننگ سیشن میں بھرپور حصہ لیا،راجیو گاندھی سٹیڈیم میں کی جانے والی اس آپشنل ٹریننگ میں ایکشن میں نظرآنے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم، شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رﺅف، افتخار احمد، سلمان علی آغا اور فخر زمان شامل تھے،محمد حارث، وسیم جونیئر اور زمان خان نے بھی ٹریننگ میںحصہ لیا۔کھلاڑیوں نے سٹیڈیم کے اندر وارم اپ اور فیلڈنگ کی مشقوں کے علاوہ نیٹس میں جم کر بیٹنگ اور باﺅلنگ کا سیشن کیا۔بھارتی حیدر آباد کے سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ سکواڈ کے ارکان کی ملاقات ہوئی ہے۔حیدرآباد سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تو اس دوران کھلاڑیوں نے ملاقات بھی کی۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ آج نیوزی لینڈ کےخلاف کھیلے گی۔میچ دن ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔افغانستان ‘جنوبی افریقہ‘بنگلہ دیش اور سری لنکا بھی وارم اپ میچز میں آج مدمقابل ہونگے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں نے بھارت پہنچ کر سوشل میڈیا پرجاری پیغام میں لکھاہے کہ بھارتی شہر حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ سے متاثر ہوا۔ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے لکھا کہ بھارت میں اب تک ہمارا بہترین استقبال ہوا۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ ہر چیز بہت اچھی رہی، بھارت میں اگلے ڈیڑھ ماہ کے منتظر ہیں۔آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مداحوں نے شاندار استقبال کیا، ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ائیر پورٹ پہنچنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مداحوں نے شاندار استقبال کیا جبکہ ہوٹل کے باہر بھی ہزاروں شائقین کرکٹ کرکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کو بیتاب نظر آئے،ائیرپورٹ پر بھارتی حکام نے استقبال کرتے ہوئے قومی کرکٹرز کو شال پیش کیں جبکہ پھول بھی نچھاور کیے،پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویڈیو شئیر کی گئی ہے جس میں مداح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ائیرپورٹ پر مداحوں کے استقبال پر انہیں ہاتھ ہلاکر جواب دیا جبکہ شاہین آفریدی سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار کے ساتھ خوش گپیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔