مظفرآباد (اے پی پی) آزادکشمیر کے دورہ پر آئے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے مہاجر کیمپ ٹھوٹھہ کا دورہ کیا۔ وفد کو ٹھوٹھہ مہاجر کیمپ میں کمشنر بحالیات سردار وحید خان نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفد کو خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ وفد نے مہاجر کیمپ ٹھوٹھہ میں قائم ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا، ووکیشنل سینٹر میں تیار کی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی اور وہاں کام کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔ وفد نے مہاجرین سے بھی ملاقات کی۔ وفد میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ و چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ اینڈریو جیوائن، برطانوی ممبرپارلیمنٹ ناز شاہ، برطانوی ممبر پارلیمنٹ سیم ٹیری،تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان)، سیکرٹری جنرل حق خودارادیت انٹرنیشنل، محمد اعظم، ذیشان عارف، جیمز نیل، سیم ٹیری ایم پی، کونسلر کنیز اختر بریڈ فورڈ، نازیہ نورین، کونسلر منیبہ خان، فوزیہ جابرن اور عبید خان ودیگر شامل تھے۔ قبل ازیں بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مشعال حسین ملک نے کہاکہ ہندوستان کشمیریوں کو اپنے حقوق مانگنے کی سزا دے رہا ہے مہاجرین کیلئے فیملی ایک خواب کی طرح ہے، آدھا خاندان ادھر اور آدھا لائن آف کنٹرول کے دوسری طرف ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ اینڈریو جیوائن نے کہاکہ مہاجرین کے دکھوں کو سمجھ سکتے ہیں، ہم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم تک پہنچائیں گے۔ برطانوی ممبر پارلیمنٹ سام ٹیری نے کہاکہ سات دہائیوں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا، مہاجرین کا جذبہ قابل ستائش ہے، کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور ایک دن آئے گا جب کشمیری آزاد ہوں گے۔ برطانوی رکن ناز شاہ نے کہاکہ مہاجرین کی مشکلات کا اندازہ ہے کہ کس طرح خاندان اجڑ گئے اور انہیں ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔ چیئرمین تحریک حق خودارادیت راجہ نجابت حسین نے کہاکہ ایک طرف کشمیری عوام قربانیاں دیکر اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنے پر برطانوی اراکین کاشکریہ اداکیا۔
مہاجرین کے خاندان تقسیم، بھارت کشمیریوں کو حق مانگنے کی سزا دے رہا: مشعال ملک
Sep 29, 2023