اسرائیل میں انتہا پسندوں کی دہشتگردی، ایک خاندان سمیت 6 فلسطینی شہید

غزہ(آئی این پی‘ این این آئی)اسرائیل میں انتہاپسندانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک روز میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک ہی خاندان کے 5افراد سمیت 6 فلسطینی اسرائیلی شہریوں کو قتل کردیا گیا،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل میں آباد فلسطینی اقلیتوں کے خلاف انتہاپسندانہ کارروائی میں شمالی اسرائیل کے شہر بسمہ طبعون میں دن دیہاڑے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 3مرد اور 2عورتوں کو قتل کردیا گیا،رپورٹ کے مطابق ابراہم انیشئیٹو نامی یہودی، عرب ایڈووکیسی گروپ کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قتل کیے گئے ایک ہی گھر کے مقتولین میں میاں بیوی اور ان کے تین جوان بچے شامل تھے،میڈیا کے مطابق فائرنگ کا دوسرا واقعہ اسرائیل کے ساحلی شہر حائفہ میں پیش آیا جہاں کام پر جاتے ہوئے ایک فلسطینی اسرائیلی شہری پر نقاب پوش مسلح شخص نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا،اسرائیلی پولیس نے دونوں واقعات کو مجرمانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا،پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعات کے باہمی تعلق کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں گی،ابراہم انیشئیٹو ایڈووکیسی گروپ کے مطابق رواں سال اسرائیل میں قتل کیے گئے فلسطینی اقلیت سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی شہریوں کی تعداد 188 سے تجاوز کر گئی ہے۔ عرب اسرائیلی‘ ان فلسطینیوں کی آل اولاد ہیں جو 1948ءمیں اسرائیل کے قیام کے بعد اپنی آبائی سرزمین پر رہ گئے تھے۔ وہ ملک کی 97 لاکھ آبادی کا قریباً 20 فیصد ہیں۔

ای پیپر دی نیشن