ایریزونا (نوائے وقت رپورٹ) محققین کی جانب سے کیے گئے ایک اہم مطالعے میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر حد درجہ گرمی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسان اور دیگر ممالیہ جانور دنیا سے ناپید ہوجائیں گے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ دنیا میں شدید گرمی کی وجہ سے 250 ملین برس میں انسان اور دیگر جانور معدوم ہو جائیں گے۔ تحقیق میں سورج کی خطرناک تابکاری شعاعوں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مہلک امتزاج کے اثرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کی تباہی اتنی ہی بڑی ہوگی جب ڈائنوسار ختم ہوگئے تھے۔ جریدے ’نیچر جیو سائنس‘ اور برسٹل یونیورسٹی کی سربراہی میں ہونے والی یہ تحقیق مستقبل بعید میں آب و ہوا کے سپر کمپیوٹرائز ماڈلز پیش کرتی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ جب دنیا کے سارے براعظم ضم ہوکر ایک ہوجائیں گے تو موسمیاتی انتہا خطرناک صورت اختیار کرلے گی اور زمین خشک اور کافی حد تک غیر آباد ہوجائے گی۔