گریس (نیٹ نیوز) یونان میں طوفان الیاس کے باعث مہینوں کی بارش ایک دن سے بھی کم وقت میں برس گئی جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ چند ہفتوں قبل 17 لوگوں کی جانیں نگلنے والے طوفان ڈینیل کے بعد یونان کو ایک اور طوفان نے آگھیرا جس سے شدید بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے شمالی علاقوں میں بدھ کے روز طوفان الیاس کی وجہ سے شدید بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ یونان کے کئی دیہات زیرآب آگئے۔ سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث بیشتر اضلاع کے سکولوں کو بند کرنا پڑ گیا۔ موسم کی خرابی کے باعث منگل سے ہی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے اور 3 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ بدھ کی شام سے ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے جس میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کے علاوہ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ یونان کے شہر وولوس میں 14 گھنٹوں میں 298 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو شہر کی ستمبر کی اوسط سے 8 گنا زیادہ ہے۔
یونان میں طوفان‘ مہینوں کی بارش ایک دن سے بھی کم وقت میں برس گئی
Sep 29, 2023