پاکستان پر سرحد پار سے حملے کرنیوالے 200 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا: افغان طالبان

Sep 29, 2023

کابل (نوائے وقت رپورٹ) طالبان نے پاکستان کے خلاف سرحد پار حملے کرنے والے 200 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات گزشتہ ہفتے کابل میں پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد سے شیئر کیں۔ طالبان کے مطابق پاکستان کے خلاف سرحد پار مہلک حملے کرنے والے 200 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا ہے اور دہشتگرد سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے دیگر ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان نے چترال پر حملے سے واپس آنے والے ٹی ٹی پی کے 200 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ اب جیل میں ہیں۔ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ نے اپنی فورسز کو پاکستان کے خلاف سرحد پار حملوں سے منع کر دیا ہے اور انہیں حرام اور غیر اسلامی قرار دیا ہے۔ اخوند زادہ نے افغان عوام کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے ساتھ کوئی تعاون نہ کریں اور نہ ہی اسے عطیات دیں۔

مزیدخبریں