لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”عید میلاد النبی ﷺ“ کے موقع پر عالمِ اسلام کے نام اپنے پیغام میں کہا: اللہ تعالیٰ کا کروڑوں بار شکر ہے کہ اس نے ایک بار پھر ہمیں عید میلاد النبی ﷺمنانے کا موقع عطا کیا ہے۔ آپﷺ باعث تخلیق کائنات اور تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں۔ حضور پر نورﷺ اپنی امت کے لیے شفقتوں کا سائبان ہیں۔ آپﷺ نے ہر مقام پر اپنی امت کو یاد رکھا اور امت کی بہتری کی دعائیں فرمائیں۔ اسی لیے آپ ﷺکی امت کو تمام امتوں کی سردار بنایا گیا۔ آپﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ، انسانیت کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے۔ آپ ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ زندگی قرآن و سنت کے زیر سیایہ بسر کی جائے۔