نبی کریم کی تعلیمات سے رجوع کی ضرورت: وزیراعظم، روضہ رسول پر حاضری

Sep 29, 2023

مدینہ منورہ اسلام آباد (اے پی پی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مسجد نبوی گئے جہاں انہوں نے روضہ رسول پر حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے اور دعائیں مانگیں۔ نگران وزیراعظم نے مسجد نبوی سے ملحقہ عالمی روثے اور سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب سے متعلقہ عجائب گھرکا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نبی کریم کی ولادت باسعادت کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن مشکلات اور نازک صورتحال سے دو چار ہے ان میں ہمیں نبی کریم کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ 12ربیع الاول 1445ھ/ 2023 کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس رسول کا امتی بنایا کہ جو رحمة للعالمین ہیں۔ آپ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابلِ تقلید ہے۔ 

مزیدخبریں