اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجودسابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرکے ایک ماہ میں رپورٹ عدالت جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان عدالت پیش ہوئے اوربتایاکہ جو اہلکار ملوث تھے ان کے خلاف کاروائی جاری ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ بادی النظر میں اس عدالت کی خلاف ورزی ہوئی، آئی جی اسلام آباد اس حوالے سے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں،اگر ان کی کاروائی سے عدالت مطمئن نہ ہوئی تو مزید کاروائی آگے بڑھائیں گے، اہلکاروں کے خلاف انکوائری کرکے ایک ماہ میں رپورٹ جمع کروائیں،جو پولیس اہلکار عدالتی حکم کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی کریں، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس میں پو لیس کیخلاف کا رروائی کا حکم
Sep 29, 2023