عید میلادالنبی آج : مسائل کا حل پیغمبر انقلاب کی تعلیمات میں مضمر: سیاسی رہنما

لاہور اسلام آباد مکوآنہ (خبر نگار+ خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار+ این این آئی) جشن عید میلادالنبی آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیرت النبی کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے، لنگر تقسیم اور کیک کاٹے جائیں گے۔ گلیاں، بازار برقی قمقموں سے سج گئے، درود و اسلام کی صدائیں بلند ہوں گی۔ آج لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتیں بند رہیں گی۔ آمد مصطفی ﷺ کا دن منانے کیلئے صوبہ بھر کی عدالتوں میں چھٹی ہوگی۔ ہائیکورٹ بار نے وکلاءکو چھٹی سے متعلق آگاہی دینے کیلئے نوٹس آویزاں کر دیئے۔ آج تمام سینما گھر اور تھیٹرز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پیغام میں کہا کہ اخوت، بھائی چارے، رواداری اور اتحاد و اتفاق ماہ ربیع الاول کا اہم پیغام ہے، حضور نبی آخرالزمان جو نظام لیکر آئے اس کے عملی نفاذ تک وطن عزیز بحرانوں سے آزاد نہیں ہو سکتا ہے، پوری قوم آج کے دن اسوہ حسنہ کی پیروی کر کے ملک کو امن وخوشحالی کا گہوارہ بنانے کا عہد کرے۔ امت مسلمہ خصوصاً پا کستان کے مسائل کا حل پیغمبر انقلاب کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا اخوت، بھائی چارے اور مساوات کی فضا قائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول کی پیروی ناگریز ہے۔ ہماری بقا اور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد کی سیرت طیبہ تمام کائنات کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم تمام درپیش مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن