لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عید میلادالنبی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی پاک پوری کائنات کے لئے رحمة للعالمین بن کر تشریف لائے۔ حضرت محمد ﷺ سے محبت کا عملی تقاضا آپ کی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبی میں پنہاں ہے۔ نبی آخرالزماں نے امن، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا۔ نگران وزیراعلی نے لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے الحمراءآرٹ گیلری میں خطاطی کی نمائش دیکھی۔ محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام الحمراءہال میں صوبائی رحمت للعالمین کانفرنس کے محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ ہم سب نبی پاک سے محبت کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن نبی پاک کے احکامات پر عمل نہیں کرتے۔ نبی پاک کے احکامات پر عمل کرلیں تو زندگی بدل جائے گی۔ ہماری پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ جتنا وقت میسر ہے عوام کی بھرپور خدمت کریں۔ ہم نبی کریم کے ماننے والے ہیں، مایوس نہیں ہوںگے ، پاکستان ٹیک آف کرے گا۔ ہمارے پیارے نبی پاک پر بہت مظالم ہوئے، سازشیں ہوئیں لیکن آپ کبھی مایوس نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی تباہی کا سوچنے والے خود تعلیمات نبوی سے دور ہیں۔ اگر ہم نبی پاک کے ماننے والے ہیں تو خدا را مایوسی چھوڑ دیں، پاکستان نے ترقی کرنی ہے اور پاکستان ترقی کرے گا۔ محسن نقوی نے مال روڈ کو گرد سے پاک ماڈل روڈ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ مال روڈ کے اطراف اور گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگائی جائے گی، درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کے لئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کے شعبہ زراعت میں ریکارڈ ترقی، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کپاس کے بعد چاول کی فصل میں بھی اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ حکومت پنجاب کی ایک اور بڑی کامیابی، صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعدپنجاب رواں سال 2ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرے گا۔ پاکستان سے رواں سال مجموعی طورپر 3ارب ڈالر کا چاول برآمد کیا جائے گا۔ پنجاب سے گزشتہ سال صرف ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا گیا تھا۔ رواں برس چاول کی ایکسپورٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 100فیصد اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری زراعت اور ان کی ٹیم کو کاٹن کے بعد چاول میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر شاباش دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
مسائل کا حل سیرت النبی میں ، پاکستان ٹیک آف کرے گا: محسن نقوی
Sep 29, 2023