اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیرقانونی کاروباری سرگرمیوں کیخلاف کارروائی سے پاکستان کو معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو لاہور کا دورہ کیا اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورت حال، بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کےخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کے شرکا کو اقلیتوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔ جبکہ فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکا سے گفتگو میں آرمی چیف نے زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں، غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔آرمی چیف نی تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔