لاہور(سپورٹس رپورٹر)نامور سماجی شخصیت جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں سے خواتین کی کھیلوں میں شمولیت نے انہیں بااختیار بنانے میں مدد دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ترین کرکٹ اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ نہ صرف کیریئر اور اعتماد کو فروغ دیتی ہے بلکہ جب خواتین اس میں شامل ہوتی ہیں تو یہ سٹیٹس کو کو بھی توڑ دیتی ہے۔ ہمیں خواتین کی کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کیونکہ یہ صحتمند معاشروں اور اگلی نسل کیلئے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرتی ہے۔ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے اکیڈمی کی بنیادی سطح پر کی جانے والی کاوشوں پر اظہار خیال کیا اور خواتین کرکٹرز کیلئے اعلی معیار کی سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرز شیر بانو، نسرین اشرف، سویرا ظفر اور رامین روشن پہلے ہی پی سی بی کے قومی سطح کے ٹورنامنٹس میں اپنے علاقے کی نمائندگی کر کے اپنا لوہا منوا چکی ہیں۔