لاہور(سپورٹس رپورٹر)بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کا فائنل آج یوایم ٹی مارخورز اور لیک سٹی پینتھرز کے درمیان فیصل آباد میں کھیلا جائیگا۔ افتخار احمد مارخورز جبکہ شاداب خان پینتھرز کی قیادت کرینگے ۔ فائنل مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں کو چند کھلاڑیوں کے پاکستان سکواڈ میں شامل ہونے کی وجہ سے سکواڈز میں تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔ مارخورز نے محمد رضوان‘ نسیم شاہ اور سلمان علی آغا کی جگہ بسم اللہ خان، نیاز خان اور زین عباس کو شامل کیا ہے۔پینتھرز کی ٹیم میں دانش عزیز اور ساجد خان کو صائم ایوب اور مبصرخان کی جگہ شامل کیاگیا ہے۔ صائم ایوب ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ مبصرخان کے انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا ہے۔ مارخورز کی بیٹنگ میں فخرزمان، کامران غلام، افتخار احمد، حسیب اللہ اور عبدالصمد نمایاں ہیں جبکہ بائولنگ زاہد محمود، عاکف جاوید، شاہنواز دھانی اور محمد عمران پر مشتمل ہے۔پینتھرز کی بیٹنگ لائن میں عثمان خان ‘ حیدرعلی، مبصرخان، اذان اویس اور شاداب خان جبکہ بائولنگ میں محمد حسنین ‘ شاداب خان اور علی رضا قابل ذکر ہیں۔ مارخورز کے کپتان افتخار احمدنے کہا کہ زبردست ٹورنامنٹ رہا ہے اور یوایم ٹی مارخورز کیلئے یہ موقع ہے کہ وہ اس ڈومیسٹک سیزن کے اولین چیمپئن بن کر سامنے آئے۔ اگرچہ ہماری ٹیم میں رضوان‘ نسیم شاہ اور سلمان علی آغا نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ہم کوشش کریں گے کہ فائنل میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کریں۔وہ خود پاکستان کی طرف سے کھیلنے کا اپنا تجربہ بروئے کار لانے کی کوشش کرینگے۔ پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ وہ فائنل کھیلنے کے سلسلے میں کافی پرجوش ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی اس اہم میچ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔کوالیفائر کے بعد چند دن آرام کا موقع ملا ہے ساتھ ہی ہم نے ٹریننگ بھی کی ہے جس کی وجہ سے ہمیں اس اہم میچ کیلئے سکواڈ کی ترتیب کا موقع بھی ملا ہے۔ہم یقیناً صائم ایوب کی کمی محسوس کریں گے لیکن چند دوسرے کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کے منتظر ہیں۔ فائنل دلچسپ ہوگا اور شائقین اسی جوش وخروش سے آئے ہیں جو انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں دکھایا ہے۔