پولیس بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی : تاجر رہنماء

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) تاجر رہنمائوں حافظ محمد رضوان، فہد بٹ ، محمد عزیز ، زبیر بٹ، حمزہ ڈار ،چوہدری اویس، طاہرانصاری ، خواجہ محمد عتیق اور ندیم بٹ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے دو دو ہزار روپے کے بے تحاشہ چالانوں پرشدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس ٹریفک کے بے ہنگم نظام کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پولیس اہلکار سارا دن ٹریفک نظام کی روانی برقرار رکھنے کے بجائے موٹر سائیکل سواروں کے دو دو ہزار روپے کے چالان کر رہے ہیں ۔جو ظلم کی انتہا ہے ، ایسے لگتا ہے کہ جیسے ٹریفک پولیس نے چالانوں کی آڑ میں ریکوری مہم شروع کر رکھی ہے ، ٹریفک پولیس کو شاید اس بات کا اندازہ نہیں کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والی غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور اوپر سے یہ انہیں بھاری چالانوں کے ذریعے لوٹا رہے ہیں۔شہریوں کو صبح گھر سے نکلنے پر سب سے پہلے چالانوں کی سلامی دی جاتی ہے، شہر میں حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے ،سارے سگنلز خراب پڑے ہیں ٹریفک پولیس اہلکار چالانوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ بھی اختیار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے ۔ جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ اندرون شہر ٹریفک نظام درہم برہم ہے ، ریلوے پھاٹکوں کے ارد گرد سارا دن ٹرین کی آمد پر ٹریفک جام رہتی ہے ٹریفک افسران کی اس طرف کوئی توجہ نہیں ہے، چھوٹی پک اپس کو دن کے وقت شہر اور بازاروں میں آنے کی اجازت ہے مگر اس کے باوجود ان کے بھی ناجائز چالان کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دو ہزار کا ٹریفک چالان فوری طور پر ختم کیا جائے اور بے تحاشہ چالانوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کر کے پولیس ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے کی طرف توجہ دے ورنہ تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن