لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13نئے ماڈل بازار بنانے کا فیصلہ ہوا۔ یہ ماڈل بازار ان اضلاع میں بنیں گے جہاں یہ بازار موجود نہیں ہیں۔کابینہ کی منظوری کے بعد نئے ماڈل بازار بنانے کا پراجیکٹ آگے بڑھایا جائے گا۔ ان13نئے ماڈل بازار بنانے پر 3 ارب لاگت کا تخمینہ ہے۔مظفر گڑھ،منڈی بہاؤ الدین، اوکاڑہ، نارووال ،چنیوٹ، خانیوال، چونیاں، پتوکی، وزیرآباد، شرقپور، بھلوال، جہلم اور جڑانوالہ میں نئے ماڈل بازار بنیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہا ماڈل بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ ماڈل بازاروں میں معیاری اشیاء ضروریہ رعایتی نرخوں پر مل رہی ہیں۔ ہزاروں افراد کا روزگار بھی ان ماڈل بازاروں سے وابستہ ہے۔ نئے ماڈل بازار بننے سے مزید لوگ مستفید ہوں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ عوامی فلاح کے اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر کو بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ مزید 13 ماڈل بازاروں کے قیام کیلئے جگہ کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن 17اضلاع میں ماڈل بازار نہیں ہیں۔