لاہور(سٹاف رپورٹر)لاہور پولیس کے زیرِانتظام کمپلینٹ سیل کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔اس حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفس میں قائم کمپلینٹ سیل میں رواں سال 9997 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 9071 درخواستیں نمٹا دی گئیں اور926 پرقانونی کارروائی جاری ہے۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ سی ایم پورٹل سے موصول ہونیوالی143درخواستوں میں سے134نمٹا دی گئی ہیں جبکہ 9پر کام جاری ہے۔ سی سی پی او آفس آنیوالے5740درخواست گزاروں کی5286 درخواستیں نمٹائی جا چکیں اور 454پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 4113 درخواستوں میں سے3650پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور563پر کام جاری ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مظلوم کی داد رسی اور انصاف کی بروقت فراہمی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔ سی سی پی او آفس میں قائم کمپلینٹ سیل شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ کمپلینٹ سیل کے ذریعے انصاف کی فراہمی میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے عام آدمی کے مسائل کو برق رفتاری سے نمٹایا جا رہاہے۔ اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی مشکلات کابروقت ازالہ اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔