امن و امان یقینی بنانے پر پولیس افسروں‘ اہلکاروں کو شاباش:آئی جی پنجاب

لاہور(نوائے وقت رپورٹ )آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے پر پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش جبکہ عوام کو تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوںنے لا اینڈ آرڈر، ریاست کی رٹ برقرار رکھنے، شہریوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے پر راولپنڈی پولیس کو شاباش دی۔ راولپنڈی پولیس نے انتہائی جانفشانی، جرات اور بہادری سے امن و امان کا قیام یقینی بنایا، آر پی او، سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی سمیت تمام متعلقہ افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہے۔ فلیگ مارچ سمیت تمام ضروری سکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائے گئے، راولپنڈی ریجن میں حالات مجموعی طور پر پرامن رہے، قانون کی پاسداری یقینی بنائی گئی، جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر راولپنڈی پولیس کے تمام فیلڈ یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔ امن و امان کے قیام کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، امن کا قیام یقینی بنانے میں شہریوں، سکیورٹی اداروں اور میڈیا کے بھر پور تعاون پر شکر گزار ہیں۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن