امریکہ: طوفان، سیلاب سے 43 افراد ہلاک، سینکڑوں گھر تباہ، 900 پروازیں منسوخ

Sep 29, 2024

فلوریڈا+ واشنگٹن(آئی این پی+ این این آئی) امریکہ کی جنوب مشرقی ریاستوں میں طوفان اور سیلاب سے اموات کی تعداد43 ہوگئی۔  غیر ملکی  میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں 140 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کے سبب سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا اور سمندر میں کشتیاں الٹ گئیں جس کے سبب کئی افراد لاپتا ہیں۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ جنوب مشرقی امریکی ریاستوں میں طوفان اور سیلاب سے اموات کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان سے امریکی ریاستوں فلوریڈا اور ورجینیا میں 45 لاکھ افراد بجلی سے بھی محروم ہیں۔ مزید برآں  متاثر ریاستوں میں 900 پروازیں منسوخ اور  3300 التوا کا شکار ہیں جس کے سبب مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سمندری طوفان ہیلن سے فلوریڈا، جارجیا، شمالی کیرولینا اور ٹینیسی شدید متاثر ہیں،  موسلادھار بارش سے سڑکیں دریاں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ گاڑیاں تیرنے لگیں۔دو سو پچیس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواں نے درخت جڑوں سے اکھاڑ دیئے، بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

مزیدخبریں