لاہور + قصور (این این آئی + نمائندہ نوائے وقت) صوبائی دارالحکومت کے گردونواح اور دیگر شہروں میں دوسرے رزو بھی وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہور کے علاوہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی، سانگلہ ہل شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے باعث بجلی غائب ہوگئی‘ قصور، ننکانہ، جھنگ، صفدر آباد اور اس کے مضافات میں بھی بارش ہوئی۔ بارش کے باعث لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثناء قصور کے نواحی گاؤں شیخ عماد کہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ 40 سالہ عبدالستار کھیتوں میں کام کر رہا تھا کہ اچانک اس پر آسمانی بجلی آ گری۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کیا۔ فیصل آباد 64 ملی میٹر، چکوال 22، سرگودھا 25، شیخوپورہ 42، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین 22 اور ساہیوال میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مری ،نارووال، سیالکوٹ، جھنگ، قصور، جوہر آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ بارشوں کا سپیل یکم اکتوبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔