چائلڈ پروٹیکشن میں پرورش پانے والے  2  لڑکوں، 2  لڑکیوں کی نئی زندگی کا آغاز

Sep 29, 2024

 لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے 4 لاوارث بچوں نے الگ گھروں میں ایک باوقار، خود مختار ازدواجی زندگی کا آغاز کر دیا۔ نازیہ بیکنگ کورس کے بعد ادارے کی بیک شاپ اور فرح چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ برائے طالبات میں چائلڈ اٹینڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ زبیر اور عامر ادارے کے کچن میں جاب کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک جوڑا قوت گویائی اور قوت سماعت سے محروم ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوںنے بتایا کہ ہم آج خود کو بہت خوش قسمت تصور کر رہے ہیں۔ ادارے نے ہمارا بہت خیال رکھا اور زندگی کے ہموار راستے پر گامزن کرنے کیلئے مکمل سرپرستی فراہم کی۔ ہمیں والدین کی یاد آتی ہے مگر ادارے کی بہت کوششوں کے باوجود ہمارے گھر اور والدین تک رسائی نہیں ہو سکی۔ نئے جوڑے زبیر اور نازیہ نے بتایا کہ ہم دس سال سے زیادہ عرصہ یہاں رہے۔ اب نئے گھر میں نئی زندگی کا آغاز انتہائی خوش کن ہے۔ ہم ادارے کی طرف سے دیئے گئے جہیز اور ضرورت کی اشیاء کی مدد سے اپنے گھر کو سیٹ کر رہے ہیں اور بہت خوش ہیں۔ فرح اور عامر نے اشاروں کی زبان میں بتایا کہ ہمیں تمام عمر والدین اور بہن بھائیوں کی یاد ستاتی رہی۔ ادارہ ہی سب کچھ تھا مگر حقیقی رشتوں کی کمی ہم ہمیشہ محسوس کرتے رہے۔ آج ہم اپنے اپنے گھروں میں ایک خود مختار زندگی شروع کر چکے ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئر پرسن سارہ احمد نے بتایا کہ یہ چاروں بچے بیورو کے پاس لاوارث حالت میں آئے۔ ہمارے فیملی ٹریسنگ یونٹ کی کوشش بسیار کے باوجود ان کے والدین یا لواحقین کے بارے میں مکمل معلومات نہ ہونے کی وجہ سے ان تک رسائی ممکن نہ ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی مخیر حضرات کے تعاون سے ہوئی۔ انہوں نے نئے جوڑوں کو دعا دی اور کہا کہ خوش ہوں کہ بیورو نے ان بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کئے۔

مزیدخبریں