اسلام آباد (نیٹ نیوز) شاہد خاقان عباسی نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی تھنک ٹینک نہیں ہے۔ ہماری جماعت کی انفرادیت یہی تھنک ٹینک جس نے پہلا وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔ ملک کے مسائل کا تفصیل میں ایکشن پلان بنا کر دیا ہے، جس میں ہم نے مختلف مسائل پر بات کی ہے، طاقت عوام کی اور ہم سب کا پاکستان ہمارا بنیادی مؤقف ہے۔ بڑی سیاسی جماعتوں کا یہی مسئلہ ہے کہ ان کا کوئی تھاٹ پراسس نہیں ہے۔ ان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے کہ بس اقتدار میں آجائیں، سیاسی جماعتوں کا کوئی تھنک ٹینک نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ مسائل کا شکار رہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی جماعت کی انفرادیت یہی ہے کہ ہم نے پہلے تھنک ٹینک بنایا ہے جس نے مسائل کی نشان دہی کی اور ان کے حل پر کام کر رہے ہیں۔ پہلے یونیورسٹیوں میں لڑکیوں کا کوٹہ رکھا جاتا تھا، لڑکیوں کو موقع ملا وہ اتنا آگے بڑھ گئی ہیں کہ شاید مستقبل ہمیں لڑکوں کے لیے کوٹہ مختص کرنا پڑے، خواتین اس ملک کا اثاثہ ہیں، ریاست کا کام ہے ان کو آگے بڑھنے کا موقع دیں۔