سری نگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع کولگام میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ پلوامہ: ـبھارتی فورسز نے چھ نوجوان گرفتار کر لیے ہیں ،پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور ادھم پور اضلاع کے مختلف علاقوں میں قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے ،کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع کولگام کے علاقے آدیگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ (اے ایس پی) اور چار بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ ادھربھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں چھ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ نریندر مودی جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک جلسے سے خطاب کریں گے۔انتظامیہ نے جلسے کے مقام کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے اور بڑی تعداد میںبھارتی فورسز اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس(اے پی ایچ سی ) کی قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔حریت رہنماوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے یواین جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسیر چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور نعیم خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی۔
مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 2 نوجوان شہید، 6 گرفتار
Sep 29, 2024